کرکٹ آسٹریلیا کے پورٹل پر جنوبی ایشیائی کرکٹرز کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ

ہفتہ 16 مارچ 2024 22:22

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2024ء) کرکٹ آسٹریلیا کے پورٹل پر جنوبی ایشیائی کرکٹرز کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔جنوبی ایشیائی کرکٹرز کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافے کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہیکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے بعد رجسٹریشن میں اضافہ ہوا جبکہ رواں برس بھی پاکستان نے وائٹ بال اور بھارت نے ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔

آسٹریلین میڈیا کے مطابق انڈیا کی ویمن ٹیم کا بھی دورہ آسٹریلیا شیڈول ہے، ایشین ٹیموں کے دورے کی وجہ سے بھی رجسٹریشن پر مثبت فرق پڑا ہے۔واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے پورٹل پر ہر طرز اور ہر سطح کے کرکٹر کو رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ساوتھ ایشین کرکٹرز کے رجسٹریشن کرانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور بھارت کی مین اینڈ ویمن ٹیم اور پاکستان ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے رحجان میں مزید اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ملٹی کلچرل ایکشن پلان ترتیب دینے سے بھی مختلف کمیونیٹیز کو آگے آنے کا موقع ملا اور اب ساوتھ ایشین ٹیموں کے دورہ آسٹریلیا کی وجہ سے فینز میں مزید جوش و خروش بڑھے گا۔رپورٹ کے مطابق سنگھ نام رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں رجسٹریشن کرائی اور سمتھ نام والوں کو پیچھے چھوڑ دیا، سنگھ نام رکھنے والوں کی تعداد 4262 جبکہ سمتھ کی تعداد 2364 رہی، اس کے علاوہ خان ، شرما اور کمار نام رکھنے والے کرکٹرز نے بھی بڑی تعداد میں رجسٹریشن کرائی۔پارٹیسپیشن ہیڈ کرکٹ آسٹریلیا جیمز کوارمبے کا کہنا ہے کہ ملٹی کلچرل کمیونیٹیز کی وجہ سے رجسٹریشن میں اضافہ شاندار ہے، ہم چاہتے ہیں کمیونیٹیز آسٹریلیا کی کرکٹ میں اہم کردار ادا کریں۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں