پی ایس ایل پرفارمنس پر شمولیت کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی ہے، احمد شہزاد

سیاست مجھے آتی نہیں ، سیاست میں بہت برا ہوں، میں دل سے کام لیتا ہوں، گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) کرکٹر احمد شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پرفارمنس پر شمولیت کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں احمد شہزاد نے کہا کہ ڈھائی تین سال سے مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ فارمنس سب کے سامنے ہے لیکن قومی ٹیم اور پی ایس ایل میں میرا نام نہیں آیا۔

چیئرمین پی سی بی نے میرٹ کی بات کی ہے جو بہت اچھی چیز ہے۔احمد شہزاد نے کہا کہ میں نے محنت جاری رکھی اور رواں سیزن میں پرفارمنس بہت شاندار رہی۔ ڈومیسٹک پرفارمنس پر میرا نام کیمپ میں آیا، امید ہے آگے مجھے موقع ملے گا۔انہوںنے کہاکہ جب آپ ایک بار کیمپ میں آجاتے ہیں تو 20 رکنی اسکواڈ کا حصہ بن جاتے ہیں، امید کر رہا ہوں موقع دیا جائے گا، پرفارمنس اور تجربے سے ملک کو فائدہ پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ ہم اب بھی اسٹرائیک ریٹ اور اٹیکنگ کھیل کی بات کرتے ہیں، ضروری یہ ہوتا ہے کہ آپ کے ساتھ بیٹھ کر پلان تیار کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں واپسی کیلئے ڈومیسٹک پرفارم کرنا پڑتا ہے جو میں کر چکا ہوں، مجھے امید ہے کہ 20 میں نام آنے کے بعد مجھے آگے موقع ملے گا۔احمد شہزاد نے کہا کہ وہاب ریاض سے ڈومیسٹک اور ٹی 20 کے دوران رابطہ ہوا تھا، پی ایس ایل کی ایک دو پرفارمنسز پر ٹیم میں شامل کرنا کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ چیئرمین پی سی بی کیلئے بہت چیلنجز ہیں، نگراں وزیراعلیٰ کے طور پر مثبت کام کرچکے ہیں، چیئرمین پی سی بی نے میرٹ کی بات کی ہے جو بہت اچھی چیز ہے۔کرکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ سیاست مجھے آتی نہیں ، سیاست میں بہت برا ہوں، میں دل سے کام لیتا ہوں۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں