روڈ حادثات پر قابو پانے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موٹر وے پولیس موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے، جاوید اقبال چدھڑ

اتوار 20 جون 2021 20:40

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) روڈ حادثات پر قابو پانے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موٹر وے پولیس موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے اور روڈ حادثات پر خصوصا بس حادثات میں مزید کمی کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ نے مختلف بس کمپنیوں کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ موٹر وے ایس ایس پی آفس سکھر میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر خالد محمود نواز نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کا مقصد بسوں کے روڈ حادثات پر قابو پانے سمیت موئثر حکمت عملی کے ساتھ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹرانسپورٹر حضرات اور موٹر وے پولیس مل کرکمیونٹی پولیسنگ کے تحت اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کا کہنا تھا کہ سکھر سیکٹر میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہتر پولیسنگ اور متعدد آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، جس سے مسافروں کو نہ صرف ٹریفک کے قوانین کے حوالے سے آگاہی مل رہی ہے، بلکہ روڈ حادثات میں بھی مزید کمی ہورہی ہے،موٹر وے پولیس چوبیس گھنٹے نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کررہی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ بس ڈرائیور کا ڈرائیونگ کے لئے جسمانی اور دماغی طور پر فٹ ہونے کے ساتھ ساتھ لائسنس کا ویلڈ ہونا اور گاڑی کا فٹ ہونا بھی لازمی ہے۔

جس کی تمام تر ذمہ داری بس مالکان پر ہوتی ہے،موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مسافروں کی جان و مال کی تحفظ اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے وقتا فوقتا آگاہی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔میٹنگ کے دوران ٹرانسپورٹر حضرات کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کو گورنمنٹ کے منظور شدہ ادارے سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں، تاکہ گاڑیوں میں خرابی کی وجہ سے ممکنہ روڈ حادثات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

بسوں کے روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے ٹرانسپورٹر حضرات سے تجاویز بھی مانگی گئیں، جس پر ٹرانسپورٹر حضرات نے موٹر وے پولیس کی جانب سے دی گئیں ہدایات پر عمل کا یقین دلایا۔اس موقع پر سکھر بس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران جن میں سکھر بس ٹرانسپورٹ کے جنرل سیکریٹری لالہ عبدالرحمن شیخ نے اپنے نمائندوں کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے موٹر وے پولیس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں