افغان صوبہ ننگرہار میں شادی کی تقریب میں خودکش بم دھماکہ، خواتین اور بچوں سمیت 14 افغان شہری جاں بحق ،14 زخمی ہوگئے

جمعہ 12 جولائی 2019 19:50

کوہاٹ/ننگرہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2019ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ ننگرہار میں شادی کی تقریب میں خودکش بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت چودہ(14 ) افغان شہری جاں بحق اور چودہ(14) دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں گھرکا سربراہ اور حکومت کا حمایت یافتہ ملک بھی شامل ہے۔سرحد پار سے افغان میڈیا اور اطلاعات کیمطابق جمعہ کے روزصبح تقریباً 8 بجے صوبہ ننگرہار کے ضلع پچیرگام میں حکومت کے حمایت یافتہ قبائلی ملک تورکے گھر میں شادی کی تقریب ہورہی تھی کہ ایک تیرہ سالہ خودکش بمبار نے آکر خودکو دھماکہ سے اٴْڑادیا جس کے نتیجے میں کم از کم چودہ افراد جاں بحق اور چودہ دیگر زخمی ہوگئے۔

ضلع پچیرگام کے ضلعی سربراہ حضرت خان خاکسار کے مطابق دھماکہ میں 14 افراد جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ صوبائی گورنرکے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی کے مطابق دھماکہ میں خودکش حملہ آور سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 14 دیگر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر مقامی ہسپتال پہنچادیاگیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق افراد میں حکومت کا حمایت یافتہ ملک تور بھی شامل ہے جو مبینہ طورپر خودکش بمبار کا ٹارگٹ تھا۔بتایاجاتا ہے کہ دھماکے میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واقعہ سے لاعلمی کا اظلار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان شادی کی تقریبات کو نشانہ نہیں بناتے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں