کوہاٹ پولیس نے پشاور سے پنجاب اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

بدھ 23 ستمبر 2020 15:04

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) کوہاٹ پولیس نے بدھ کے روز درہ آدم خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران پشاور سے پنجاب اسلحے کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کارروائی انڈس ہائی وے پر اخروال چوکی کے قریب کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس چیکنگ کے دور ان ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلاشنکوف ، ایک ریپیٹر ، ایک رائفل ، پانچ پستول ، 18 چارجر ،سینکڑوں مختلف نوعیت کے کارتوس ،3 دوربین اور 4 لیزر گنیں برآمد کرلی گئیں۔

پولیس نے موقع پر مبینہ سمگلروں لیاقت علی اور امجد خان کو حراست میں لے لیا جن کا تعلق پشاور کے ملحقہ علاقے متنی سے ہے ۔ پولیس نے سمگلروں کے خلاف تھانہ درہ آدم خیل میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں