کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

پیر 10 دسمبر 2018 19:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔کاروائی میں منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر کو گاڑی سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔انڈس ہائی وے پر منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی خفیہ اطلاعات پر عمل میں لائی گئی ہے۔پکڑی گئی چرس قبائلی ضلع خیبر سے جنوبی اضلاع کو سمگل کی جارہی تھی۔

اے ایس پی صدر سرکل کوہاٹ محمد نبیل کھوکھر نے پولیس کی کامیاب کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی منشیات کے خلاف وضع کردہ حکمت عملی کے تحت منشیات کی سپلائی لائن کو بند کرنے کے سلسلے میں ضلع بھر کی اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ناکہ بندیوں کے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید انسپکٹر آصف شریف نے مسلسل ملنے والی خفیہ اطلاعات پر پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں پشاور سے آنے والی ایک مشکوک سوزوکی پک اپ نمبر پشاورW-3512کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

تلاشی کے دوران پولیس نے سوزوکی پک اپ کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی چرس کی بھاری کھیپ برآمد کرکے سوزوکی میں سوار منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر گل کامیاب سکنہ ضلع خیبر کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔اے ایس پی نے بتایا کہ پکڑی گئی اعلیٰ کوالٹی کی کی مجموعی مقدار 21کلو گرام ہے جسکی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات سمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے سمگلر کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران چرس قبائلی ضلع خیبر سے جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔

اے ایس پی محمد نبیل کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ منشیات سمگلر کو مقدمہ کے اندراج کے بعدعدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں