کوہاٹ کے ،سابقہ عداوت پر مخالفین کی فائرنگ ،جنگل خیل کے مشہورخاندان سے تعلق رکھنے والا مقامی باشندہ جاں بحق

پیر 18 اکتوبر 2021 20:38

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) کوہاٹ کے شہری علاقہ میں سابقہ عداوت پر مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں جنگل خیل کے مشہورخاندان سے تعلق رکھنے والا مقامی باشندہ جاں بحق ہوگیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ جنگل خیل کی حدود میں واقع شہری علاقہ میں فائرنگ کا واقعہ پیر کے روز پیش آیا جہاں جنگل خیل سے تعلق رکھنے والے مشہور خاندان کے سربراہ بادشاہ خان عرف گامو کے بھائی یوسف شنواری کومخالف فریق کے مسلح ملزمان نے اپنے باغ کے سامنے گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اٴْتار دیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول کی ایک عرصہ سے اپنے علاقہ میں قتل مقاتلہ کی دشمنی چلی آرہی ہے ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کوہاٹ جنگل خیل کا رہائشی یوسف شنواری اپنی رہائش گاہ کے قریب واقع باغ میں موجود تھا کہ اسی اثناء مخالف فریق کے چار مبینہ ملزمان ابوبکر،زبیر پسران شیر رحمان،نعمان ولد ناصر خان اور سیف اللہ ولد فیض اللہ ساکنان جنگل خیل نے اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں مقتول کے بھائی زر خان کی مدعیت میں پولیس نے انکے مخالف فریق کے چار نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واردات کی جگہ سے اہم شواہد قبضے میں لے لئے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاشی کیلئے انکے گھروں سمیت ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں تاہم فور ی طور پر ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں