کوہاٹ پولیس ناکے پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کا دستی بم سے حملہ‘دو پولیس اہلکار زخمی

جمعہ 5 اگست 2022 17:36

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) کوہاٹ یونیورسٹی کے بالمقابل پولیس سٹیشن جرما کے ناکہ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس اور دیگر ذرائع کے مطابق جمعرات کی رات کوہاٹ یونیورسٹی کے بالمقابل کوہاٹ بنوں روڈ پرواقع پولیس سٹیشن جرما کی پولیس نے تھانہ کی عمارت کے بالکل سامنے ناکہ لگایا تھا اوراہلکار گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اسی اثناء ایک موٹرسائیکل پرسواردو نامعلوم افراد نے پولیس پر دستی بم پھینک کر حملہ کیا جس کی زدمیںآکر دواہلکار ہیڈکانسٹیبل افتحار اور کانسٹیبل عابد زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جبکہ زخمی اہلکاروں کو دویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے منتقل کردیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔حملہ کے بعد دونوں حملہ آور جائے واردات سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یاد رہے کہ کوہاٹ میں پولیس پر دستی بم پھینک کر حملہ کرنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ قبل ازیں شاہ پور اور کاغذئی چیک پوسٹوں اور پولیس تھانہ جنگل پر دستی بم سے حملے کئے گئے جن میں کئی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں