اب دوسرے ممالک سے اربوں ڈالرز کی گیس خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی؟ پاکستان میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے گئے

بلوچستان کے علاقے کوہلو میں گیس کا بڑا ذخیرہ ملنے کی امید، ذخیرے کے حوالے سے بلوچستان حکومت کنسورشیم بنائے گی

muhammad ali محمد علی پیر 30 ستمبر 2019 22:28

اب دوسرے ممالک سے اربوں ڈالرز کی گیس خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی؟ پاکستان میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے گئے
کوہلو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 ستمبر2019ء) اب دوسرے ممالک سے اربوں ڈالرز کی گیس خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی؟ پاکستان میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے گئے، بلوچستان کے علاقے کوہلو میں گیس کا بڑا ذخیرہ ملنے کی امید، ذخیرے کے حوالے سے بلوچستان حکومت کنسورشیم بنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں گیس کے وسیع ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔

امکان ہے کہ ان ذخائر تک جلد رسائی حاصل کر لی جائے گی۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نئے گیس ذخیرے کے حوالے سے صوبائی حکومت کنسورشیم بنائے گی کیونکہ یہ بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوگا۔ نجی ٹی وی چینل سے کی جانے والی گفتگو میں جام کمال کا کہنا تھا کہ کسی بھی معدنی ذخیرے پر صوبائی حکومت کو رائلٹی ملتی ہے۔

(جاری ہے)

کوہلو میں جن گیس کے ذخائر کی دریافت کا امکان ہے، صوبائی حکومت ان ذخائر کی خود مائننگ نہیں کر سکتی۔

اس حوالے سے ماہرین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں جن گیس کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے، وہ ممکنہ طور پر پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو بہت حد تک پورا کر سکتے ہیں۔ تاہم اس علاقے میں موجود گیس ذخائر کتنے ہیں، یہ تب ہی معلوم ہو سکتا ہے جب ان تک رسائی حاصل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر کو دریافت کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود توانائی کے ان ذخائر تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوئی تھی۔

جبکہ اب ایک مرتبہ پھر ملک میں گیس کے وسیع ذخائر ملنے کی خوشخبری سنائی جا رہی ہے۔ جبکہ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ بلوچستان پہلے سے ہی گیس کے وسیع ذخائر کا ملک ہے اور پاکستان میں پیدا ہونے والی زیادہ تر گیس بلوچستان سے ہی حاصل  کی جاتی ہے۔

کوہلو میں شائع ہونے والی مزید خبریں