عالمی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمت میں نمایاں کمی‘ گھی کی قیمتوں میں کمی کرانے کا مطالبہ

بدھ 2 اپریل 2008 14:16

کوٹ ادو (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02اپریل 2008 ) انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام خوردنی تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی‘ پام آئل کی قیمت 1500 ڈالر فی ٹن سے گر کر 1100 ڈالر فی ٹن تک پہنچ گئی 400 ڈالر فی ٹن کی بڑی کمی کے باوجود گھی مل مالکان نے گھی کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی- گھی اب بھی 150 روپے فی کلو گرام فروخت کیا جا رہا ہے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی حکومت فوری نوٹس لیکر گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کروا کر عوام کو ریلیف مہیا کرے- تفصیل کے مطابق مارچ 2008ء میں عالمی منڈی میں پام آئل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر پاکستان میں گھی ملز مالکان نے گھی کی قیمت میں اضافہ کر دیا تھا اور 1500 ڈالر فی ٹن کا جواز بنا کر گھی کی قیمت 150 روپے فی کلو گرام کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی تھی 1500 ڈالر فی ٹن سے مراد پاکستان میں 118 روپے فی کلو خوردنی تیل گھی ملز مالکان کو پڑ رہا تھا جبکہ 23 روپے فی کلو ٹیکس علاوہ ہے لیکن عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی ہے اب 1100 ڈالر فی ٹن خام خوردنی تیل کی قیمت ہے اس طرح چار سو ڈالر فی ٹن کی نمایاں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا جا رہا گھی ملز مالکان عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں اب پاکستان میں خام خوردنی تیل تمام ٹیکس اور دیگر سفری اخراجات ملا کر 85 روپے فی کلو گرام مالکان کو پڑ رہا ہے جبکہ پاکستان میں بنولہ کا تیل کے نرخ 4600 روپے فی چالیس کلو گرام سے کم ہو کر 3800 روپے فی چالیس کلو گرام ہو گئے ہیں لیکن ان داموں کی کمی کو عوام کو فائدہ نہیں دیا جا رہا ہے اس طرح گھی مل مالکان کو گھی تمام اخراجات نکال کر 98 روپے فی کلو گرام پڑ رہا ہے لیکن گھی ملز مالکان حکومت میں گھے بیٹھے ہیں اس لیے عوام کی جیبں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں صارفین نے نئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی منڈی میں خام خوردنی تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ عوام کو دے اور گھی ملز مالکان کی لوٹ مار پر ان کے خلاف سخت کاروائی کرے-

کوٹ ادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں