مجھے صرف عوام سے امید ہے،شیر کا راستہ تیرروکے گا،بلاول بھٹو زرداری

اب شوبازی سے بات نہیں بنے گی، اقتدار میں آ کر عام آدمی کو ریلیف دیں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی کا کوٹ ادو میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 جنوری 2024 17:33

کوٹ ادو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے صرف عوام سے امید ہے ،اب شوبازی سے بات نہیں بنے گی، شیر کا راستہ تیر روک کر تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔ کوٹ ادو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں واحد سیاستدان ہوں جوعوام کی طرف دیکھ رہا ہوں اور عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں، اقتدار میں آ کر امیروں اور اشرافیہ کو تکلیف جبکہ عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔

آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ اتنی ٹھنڈ میں آپ لوگ یہاں موجود ہیں، میری دسمبر سے انتخابی مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بات کریں، سمجھائیں اپنا ووٹ ضائع نہیں کرنا، میرے امیدواروں کو اسمبلیوں میں پہنچائیں تا کہ اپنے بڑوں کے نامکمل مشن کو پورا کیا جا سکے، تیر ہی شیر کا شکار کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو 2 جماعتوں میں مقابلہ ہے، عوام اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، عوام 8 فروری کو تیر پر مہرلگائیں، تیرکا نشان تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے، یہ کہتے ہیں پنجاب میں دودھ کی نہریں بہا دیں، لاہور میں بہت پیسہ خرچ ہوا، صاف پانی میسر نہیں، 8 فروری کو جیت تیرکی ہوگی۔

مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم بہت مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کا خطرہ نظر آرہا ہے۔ عام انتخابات کیلئے میں نے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، ہم 10 نکات کی مدد سے معاشی مشکلات سے نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو کسان کارڈ دیں گے، وعدہ کرتا ہوں کہ غریب عوام کیلئے 30 لاکھ گھر بنا کر دوں گا۔

ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، ہم امیر آدمی کو تکلیف اور عام آدمی کو آرام پہنچائیں گے، میں ملک کی اتنی خدمت کرنا چاہتا ہوں جتنی بیٹا ماں کی خدمت کرتاہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ آپ ساتھ دیں پہلے اس اشرافیہ کو تکلیف پہنچائیں گے، کہتے ہیں میرے 10 نکات پرعمل نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، آمدنی دگنی کرکے دکھاوں گا۔ ہم ملک میں 30 لاکھ گھر بنا کر خواتین کو ان کے مالکانہ حقوق دیں گے، میں غریب عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی دلوانے کا وعدہ پورا کروں گا، میں غریب آدمی کو بلا سود قرضے دلاوں گا تاکہ وہ کاروبار کرسکے۔

کوٹ ادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں