پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تاریخی عمارتوں کو اس کی اصل حالت میں بحال کیاجائے گا:عثمان بزدار

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے دیگرشہروںتک بڑھانے کا فیصلہ کیاگیاہے، تاریخی عمارتوں کی بحالی سے شہروں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگااورسیاحت کو فروغ ملے گا،میرچاکر اعظم رندکے مقبرے کو بحال کیا جائیگا،مقبرے تک کی سڑک کی تعمیرو مرمت کے کام کوبھی جلد شروع کیا جائیگا، پنجاب حکومت کا یہ اقدام بلوچستان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے ، والڈ سٹی کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرینگے، وزیراعلیٰ

پیر 29 اپریل 2019 22:32

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تاریخی عمارتوں کو اس کی اصل حالت میں بحال کیاجائے گا:عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی کارکردگی اوراوکاڑہ میں میر چاکراعظم رند کے مقبرے کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے دیگرشہروںتک بڑھانے کا فیصلہ کیاگیاہے اورپنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تاریخی عمارتوں کو اس کی اصل حالت میں بحال کیاجائے گا۔

تاریخی عمارتوں کی بحالی سے شہروں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگااورسیاحت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر تاریخی اہمیت رکھتے ہیں اور تاریخی شہر سیاحت کے فروغ کا باعث ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میرچاکر اعظم رندکے مقبرے کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا اورمقبرے تک کی سڑک کی تعمیرو مرمت کے کام کوبھی جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام بلوچستان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے اور اس ضمن میں والڈ سٹی لاہوراتھارٹی کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریںگے۔وزیراعلیٰ کو ڈی جی والڈ سٹی لاہوراتھارٹی کامران لاشاری نے لاہور قلعہ کی دیوار،شاہی باورچی خانے کی بحالی کے پروگرام اور مقبرہ میرچاکراعظم رندکی تزئین نو و مرمت کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ، اوقاف، آرکیالوجی، کمشنرلاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں