این اے 45 میں ضمنی الیکشن، پولنگ کا وقت ختم‘ گنتی جاری

عمران خان اور حکومتمتی امیدوار جمیل خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 اکتوبر 2022 17:08

این اے 45 میں ضمنی الیکشن، پولنگ کا وقت ختم‘ گنتی جاری
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اکتوبر 2022ء ) این اے 45 کرم میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ہوئی جہاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حکومتی امیدوار کے مدمقابل ہیں، الیکشن کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے ایم این اے فخرزمان کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی اس نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی ، یہاں سابق وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کے حمایت یافتہ جے یو آئی کے امیدوار جمیل خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ جماعت اسلامی کے شیر محمد خان بھی ضمنی الیکشن میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ این اے 45 کرم کی یہ نشست بھی ان 9 نشستوں میں شامل ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد خالی ہوئیں، یہاں دیگر حلقوں کی طرح 16 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونا تھا لیکن اس وقت امن وامان کے باعث اس حلقے میں الیکشن منسوخ کردیا گیا تھا۔ جس پر جے یو آئی نے این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، جے یو آئی کے امیدوار جمیل خان نے اپنے وکیل کامران مرتضٰی کے توسط سے درخواست دائر کی،جمیل خان نے درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن 16 اکتوبرکو ضمنی انتخاب کرانے کا حکم دوبارہ جاری کرے تاہم الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ، اس ضمن میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو این اے 45 میں ضمنی انتخاب ممکن نہیں،الیکشن ملتوی کرنے کیلئے خصوصی اختیارات حاصل کرنے پڑتے ہیں،این اے 45 کرم میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان جلد کریں گے،بعد ازاں الیکشن کی طرف سے این اے 45میں 30 اکتوبر کو ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا اعلان کیا۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں