کرم ایجنسی میں جلاؤ گھیراؤ، دو نوجوان جاں بحق ، بارہ زخمی ،پولیس نے کرفیو نافذ کر دیا

ہفتہ 27 اگست 2022 20:11

کرم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2022ء) کرم ایجنسی صدہ بازار میں پولیس تھانے میں فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے دوران 2 نوجوان ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ تاجروں کا تنازع رقم کی لین دین کا تھا اور اس بحث کے دوران اچانک گرما گرمی ہوئی اور بات گستاخانہ الفاظ تک پہنچ گئی جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

ایک شخص نے انجمن تاجران کے صدر کی دکان میں پناہ لی، ہجوم نے دکان کو گھیرے میں لے لیا اور اس شخص کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا لیکن مالک نے انکار کر دیا۔گاہک نے مظاہرین کو پولیس پر حملہ کرنے پر اٴْکسایا جس کے بعد پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا۔مظاہرین نے پولیس تھانے کا گھیراؤ بھی کیا اور وہاں موجود گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فوجی دستوں کو طلب کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی شناخت جاوید اور نجیب کے نام سے ہوئی ہے۔سرکاری ڈاکٹر رحیم گل نے صحافیوں کو بتایا کہ زخمیوں کو صدہ قصبہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ معمولی زخمی ہونے والے 8 افراد کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے جب کہ تشویشناک حالت میں زخمی افراد کو پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

صدہ میں شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور فوجی دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔جھڑپوں کے بعد حکام نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جہاں قانون نافذ کرنے والے اہلکار گشت کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر واصل خان نے کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے صورتحال پر قابو میں پالیا ہے اور علاقے میں حالات معمول پر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرگہ مسئلے کے جلد حل کے لیے مصروف عمل ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

کرم ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں