صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں،پیاف

منگل 19 جنوری 2021 14:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ تمام صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیاف کے سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ صنعتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ گیس کی فراہمی سے صنعتی شعبہ میں قبل از کیے گئے معاہدوں کی تکمیل سے صنعتی و تجارتی شعبہ ترقی کر ے گا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رواں ماہ سے قدرتی گیس نہ ملنے کی وجہ سے انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت کم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ صنعتوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ صنعتوں کو بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرا ر دیا جا نا چاہئے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگارمیں اضافہ بھی ممکن ہوسکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں