اسمگلنگ کی وجہ سے حکومت بڑے ٹیکس ریونیو سے محروم اور بجٹ خسارہ بڑھتا ہے، افتخار علی ملک

اتوار 28 اپریل 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر و بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک نے چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ سنٹرل پنجاب محمد صادق کی جانب سے اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کا خیر مقدم کیا ہے ۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ سمگلنگ نے پاکستان کی معیشت کو طویل عرصے سے مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے جس سے بڑے پیمانے پر نقصان اور معاشی عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے، اسمگلنگ کی وجہ سے حکومت بڑے ٹیکس ریونیو سے محروم اور بجٹ خسارہ بڑھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کثیر جہتی اقدامات کی ضرورت ہے جن میں بہتر سرحدی چیکنگ، قوانین کا موثر نفاذ اور قانونی کاروبار کے تحفظ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ترجمان کیمطابق اتوار کو ٹھوکر نیاز بیگ ڈرائی پورٹ پر یو اے ای سے آنے والے 7 درآمدی کنٹینرز کو میں قبضے میں لے لیا گیا اور شک کی بنیاد پر چیف کلکٹر نے کلکٹر اپریزمنٹ ویسٹ زہرہ حیدر کو خصوصی ٹاسک سونپا کہ وہ تمام کنٹینرز کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کریں۔

(جاری ہے)

افسران کی ٹیم کی طرف سے مکمل معائنہ کے بعد انہیں اسکریپ ٹائروں کے مس ڈیکلیریشن کا قصوروار پایا گیا۔ تمام کنٹینرز مکمل طور پر الیکٹرانکس، سمارٹ سیل فونز، لیپ ٹاپ، فلٹرز، گارمنٹس، مصنوعی زیورات، ٹائروں اور اربوں روپے کی دیگر لگژری اشیاسے بھرے ہوئے تھے۔ترجمان کے مطابق افتخار علی ملک نے محمد صادق، زہرہ حیدر اور ٹیم کے ارکان کو اس بڑے آپریشن پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ کریک ڈائون کا دائرہ کار وسیع کر کے اسے کوئٹہ، کراچی اور پشاور سمیت ملک بھر میں شروع کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں