یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس فائن آرٹس تھیسزکی نمائش

جمعرات 3 اگست 2023 16:47

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2023ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام بی ایس فائن آرٹس تھیسزکی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔فن پاروں کی یہ نمائش زبیدہ آغاآرٹ گیلری میں منعقد کی گئی جس کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس گوندل، شعبہ کی انچارج بشریٰ گل، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے نمائش میں پیش کیے گئے فائن آرٹس پراجیکٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات کا کام نہایت تخلیقی اور غیر معمولی ہے اور جن موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے وہ حقیقت کے قریب ہیں،ہمارے معاشرے اور تہذیب کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبا و طالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس قسم کی نمائشوں سے طلبہ میں آگے بڑھنے اور تخلیقی کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

ہم مختلف شہروں میں ایسی نمائشوں کا انعقاد کریں گے ،بہترین فن پاروں کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو یونیورسٹی کی طرف سے فنڈنگ مہیا کی جائے گی اور نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے طلبہ کی مہارتوں کو فروغ دینے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر اعلان کیا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کو مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے یونیورسٹی آف سرگودھا صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

تھیسز نمائش میں آئل پینٹنگ، واٹر پینٹنگ اور کافی پینٹنگ کی مہارتیں استعمال کرتے ہوئے تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے کے علاؤہ مختلف سماجی ضروریات کی فراہمی سے متعلق نئے آئیڈیاز پیش کیے گئے۔22 طلبا و طالبات نے اپنے پراجیکٹس نمائش کیلئے پیش کیے جبکہ ان پراجیکٹس کی سپروژن شعبہ کی انچارج بشریٰ گل اور سینئر استاد نادیہ عباسی نے کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں