ڈائریکٹر جنرل نیب کا لاہور اور مضافات میں قائم مبینہ غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

اتوار 28 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے متعدد ہائوسنگ سوسائٹیوں کی سینکڑوں کنال اراضی منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ واضح رہے کہ جمعہ کونیب لاہور میں منعقدہ کھلی کچہری میں 350 سے زائد متاثرین نے ڈی جی نیب کو لاہور کی مختلف نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف شکایات درج کروائی تھیں جن پر تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے تمام متاثرین کو خود سنا اور تفتیشی حکام کو موقع پر ہی مناسب ہدایات بھی جاری کی تھیں تاہم غیرقانونی نجی ہائوسنگ سوسائٹی مالکان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کے اثاثہ جات کی چھان بین کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب لاہور میں منعقدہ کھلی کچہری میں پرائم زون، پام وسٹہ ہائوسنگ، الرحمن گارڈن، خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی اور لاثانی چکس کے متاثرین کے علاوہ الجلیل گارڈن، الکبیر ٹائون اور گرینڈ ایونیو ہائوسنگ کے متاثرین نے بھی شرکت کی تھی۔

ڈی جی نیب لاہور نے پرائم زون کے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں فریز کردی ہیں جبکہ پرائم زون مالکان کی 300 کنال اراضی کو فوری طور پر فریز کردیا گیا ہے اور کیس فاسٹ ٹریک پر عدالتی چالان کی تکمیل کی طرف لے جایا جا رہا ہے ،ساتھ ہی نیب ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری اور عدالتی چالان مکمل کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرائم زون کیس میں 1400 متاثرین کے کلیم کی نیب تصدیق مکمل کرچکا ہے جبکہ دیگر کی تصدیق جاری ہے۔خیابان امین ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیابان امین سوسائٹی کے لے آئوٹ پلان کی منظوری اور سوسائٹی کی ڈویلپمنٹ کی ذمہ داری ایل ڈی اے کو سونپ دی گئی ہے اور سوسائٹی مالکان کی قیمتی جائیدادیں نیب نے ضبط کرلی ہیں جنکی فروخت سے سوسائٹی کی ڈویلپمنٹ کی تکمیل کی جائیگی۔

اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ نیب کی معلومات کے مطابق سوسائٹی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 7000 متاثرین سے فراڈ کیا تاہم نیب کو تاحال کلیمز کی موصولی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ الرحمن گارڈن انتظامیہ کیخلاف برق رفتاری سے اقدامات اٹھاتے ہوئے ملزمان کے تمام اثاثہ جات اور سوسائٹی کی اراضی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ الرحمن گارڈن انتظامیہ کیخلاف نیب لاہور کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی بھی متوقع ہے۔

پام وسٹہ سوسائٹی کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سوسائٹی کی مکمل اراضی ضبط کرلی گئی، ملزمان کی منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادیں بھی ضبط کی ہیں تاہم دیگر اثاثہ جات کی تلاش ابھی جاری ہے۔اس موقع پر لاثانی چکس مالکان کیخلاف نیب لاہور کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر ٹرائل ہے۔ لاثانی چکس کے اشتہاری قرار دیئے گئے ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کروانے کی کارروائی کا آغاز کیا جاچکا ہے تاہم ملزمان کو بیرون ملک سے واپس پاکستان لایا جائے گا تاکہ عوام کی لوٹی گئی رقوم واپسی کی راہ ہموار ہوسکے۔

الجلیل گارڈن، الکبیر ٹائون اور گرینڈ ایونیو کے متاثرین کو موقع پر پلاٹوں کی ملکیت کے حوالہ سے ڈی جی نیب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام شکایت کنندگان کو مکمل واجبات کی ادائیگی کی صورت میں فوری قبضہ اور پلاٹ کی ملکیت فراہم کردی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں