کچھ نادیدہ قوتیں اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہیں،دھاندلی زدہ الیکشن کو قوم قبول نہیں کریگی‘میاں مقصود احمد

صاف شفاف انتخابات ملک وقوم کی ضرورت ہیں،عوام ایم ایم اے کوکامیاب کرائیں، انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف الیکشن کمیشن سخت اقدامات کرے‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب کا مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:01

کچھ نادیدہ قوتیں اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہیں،دھاندلی زدہ الیکشن کو قوم قبول نہیں کریگی‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ صاف شفاف انتخابات ملک و قوم کی ضرورت ہیں،25جولائی کا دن ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔عوام تمام تر مفادات سے بالاترہوکر اور سیاسی وابستگیوں کو ایک طرف رکھ کر اپنے ووٹ کاصحیح استعمال کریں اور متحدہ مجلس عمل کوکامیاب کرائیں تاکہ ملک کوحقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنایاجاسکے ،مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے قول وفعل میں تضاد ہے،اس لیے عوام ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور اور شیخوپورہ میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام اپنے مسائل سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ان کو متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کا اظہار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کرپٹ عناصر نے گزشتہ الیکشن میں بھی عوام کو بے وقوف بنایاتھااور اب2018کے انتخابات میں بھی وہی دھوکے بازدوبارہ قوم کو سبزباغ دکھارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے باشعور عوام اب جھوٹے اورکرپٹ سیاستدانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔مسلم لیگ(ن)نے اپنے دور اقتدار میں حقیقی معنوں میں لوگوں کوکوئی ریلیف نہیں دیا۔تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بھی قوم کومایوس کیا ہے۔ملک میں فحاشی وعریانی کاکلچر عام کرنے کانام تبدیلی رکھ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک سازش کے تحت پری پول رگنگ کاسلسلہ جاری ہے۔

کچھ نادیدہ قوتیں اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہیں۔انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف الیکشن کمیشن سخت اقدامات کرے۔تمام دینی وسیاسی جماعتوں کوآزادانہ انتخابی مہم چلانے کاموقع ملناچاہئے تاکہ وہ اپنے انتخابی منشور اور پروگرام کو عوام کے سامنے رکھ سکیں۔اس بار بھی انتخابات میں اگردھاندلی ہوئی تو اس کے سنگین نتائج برآمدہوں گے اور دھاندلی زدہ الیکشن کو قوم قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے پاس مکمل پروگرام موجود ہے۔ہم کامیاب ہوکر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ایوان صدر اور وزیر اعظم ہائوس کے اخراجات بھی لوگوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔پروٹوکول کلچرکاخاتمہ کریں گے۔کرپشن کا راستہ بند اور کرپٹ عناصرپابند سلاسل ہوں گے۔معیار تعلیم بلند اور لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کریں گے اورملک کوحقیقی معنوں میں مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں