وزیر اعلی پنجا ب کے انتخاب کے بعد پنجاب کی دس سالہ سیاہ تاریخ کے خاتمے سے عوام کو غلامی سے آزادی ملے گی ‘محمود الرشید

عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانا ہوگی،فوکس بڑے بڑے کک بیکس پر نہیں بلکہ صحت ،صاف پانی اور تھانہ کلچر کو ٹھیک کریں گے ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 اگست 2018 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ورکن پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہاکہ وزیر اعلی پنجا ب کے انتخاب کے بعد پنجاب کی 10سالہ سیاہ تاریخ کے خاتمے سے عوام کو غلامی سے آزادی ملے گی اورنئے جمہوری دور کا آغاز ہو رہاہے،بدقسمتی سے حمزہ شہبازکو اپوزیشن لیڈر بنایاگیا جبکہ سعد رفیق کو بنانا چاہیے تھا۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پنجاب اسمبلی کے احاطے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔عوام کو 10 سالہ تاریک رات سے آزادی ملے گی، گزشتہ10سال میں پنجاب کی معیشت تباہ کر دی گئی اور شہبازشریف گھنٹہ گھر بنے رہے اور اب اپنے بیٹے کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر لے آئے ہیں جبکہ یہ حق خواجہ سعد رفیق کا تھا۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ کمپنیوں کا معاملہ ہو یا کوئی اور اربوں کی کرپشن کی گئی، جب شہباز شریف آئے 100 ارب روپے کا سر پلس تھا، انہوں نے خاندان کی کمپنی بنا کر پنجاب کے عوام کو غلام بنایا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں اداروں کو تباہ کر دیا گیا تھانہ کلچر تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے سوائے بیڈ گورننس کے کچھ عوام کو نہیں دیااب عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانا ہوگی۔انہوںنے کہاکہ فوکس بڑے بڑے کک بیکس پر نہیں بلکہ صحت صاف پانی اور سیاست سے پاک پولیس بنائیں گے۔محمود الرشید نے کہاکہ وزیر اعلی کا انتخاب ہوتے ہی پنجاب میں سنہری دور کا آغاز ہوگا، ہم ثابت کریں گے کہ کام کرنے والے اور نعرے لگانے والوں میں فرق ہے۔ انہوںنے کہاکہ فاروڈ بلاک بنانے کی کوئی دانستہ کوشش نہیں کررہے (ن) لیگ کے بہت سے دوستوں نے تعاون کی پیش کش کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں