آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب کے سکولوں کو عالمی معیار کے مطابق بنا دیں گے‘مراد راس

آئندہ بجٹ میں ایجوکیشن سیکٹر کیلئے خطیر فنڈزرکھے جائیں گے،نئے پاکستان میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا‘صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن

پیر 8 اکتوبر 2018 18:35

آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب کے سکولوں کو عالمی معیار کے مطابق بنا دیں گے‘مراد راس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب کے سرکاری سکولوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈویلپ کیا جائے گا اور ایجوکیشن سیکٹر کیلئے خطیر فنڈزرکھے جائیں گے،نئے پاکستان میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گااور چائلڈ لیبر کو ہمیشہ کیلئے نیست و نا بود کر دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے نیو منسٹر بلاک آفس میں ماہرین تعلیم کے ایک پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اولین مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیںاور معاشرے میں اساتذہ کی عزت کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ تبدیلی کا عمل اساتذہ کے بغیر ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تا کہ رٹے سے طالبعلموں کی جان چھوٹے اور پاکستانی استاد کو عالمی تعلیمی حالات اور پالیسیوں سے آگاہی ملے۔وزیر مراد راس نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگی کیلئے جدید تعلیمی ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نا صرف طالبعلموں اور اساتذہ کی تعلیمی استعداد میں بہتری آئے گی بلکہ وہ دنیا بھر کی تعلیمی تحقیق سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے بغیر نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، اس لئے ایجوکیشن سیکٹر میں تبدیلی لانے کیلئے ہر کسی کو اپنا کردار نبھانا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں