محمد طاہر کو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ، امجد جاوید سلیمی نئے آئی جی پنجاب ہوں گے

محمد طاہر کو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 اکتوبر 2018 13:37

محمد طاہر کو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ، امجد جاوید سلیمی نئے آئی جی پنجاب ہوں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اکتوبر 2018ء) : حکومت نے محمد طاہر کو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے محمد طاہرکو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹا کر امجد جاوید سلیمی کو صوبے کا نیا آئی جی پولیس تعینات کر دیا ہے۔ محمد طاہر کو آئی جی پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کی ایک بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ حکومت نے محمد طاہر کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث تمام افسران اور اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

محمد طاہر نے ان اہلکاروں کو دیگر عہدوں پر تعینات کر دیا۔ حکومت حکم کی تعمیل نہ کرنے کی وجہ سے محمد طاہر سے نالاں تھی۔ وفاقی حکومت کی حکم عدولی کی وجہ سے محمد طاہر کو تبدیل کیا گیا اور ان کی جگہ امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی حکومت نے محمد طاہر کو آئی جی پنجاب تعینات کرتے ہوئے ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ عام اتنخابات 2018ء کے موقع پر چاروں صوبوں کے پولیس سربراہان کو تبدیل کیا گیا تھا جس کے تحت پنجاب میں خدمات انجام دینے والے گریڈ 22 کے افسر امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا تاہم الیکشن کے بعد امجد جاوید کو ہٹا کر آئی جی پنجاب کلیم امام کو آئی جی سندھ تعینات کیا گیا۔ جس کے بعد اب امجد جاوید سلیمی کو آئی جی پنجاب کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ایک ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے اور انہیں سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر عمران خان نے انہیں یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائیں گے جس کے بعد ہی وفاقی حکومت کی جانب سے محمد طاہر کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسران اور اہلکاروں کو ہٹانے کا حکم دیا گیا لیکن انہوں نے حکومت کے حکم کی تعمیل نہیں کی جس پر انہیں عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں