پی ٹی آئی رہنما کا ایک ٹی وی چینل کے مالک کے ساتھ مل کر عثمان بزدار کے خلاف مہم چلانے کا انکشاف

عثمان بزدار فائلیں پڑھ سکتے ہیں، ان کے بارے میں یہ خبر بھی غلط پھیلائی گئی کہ وہ فائلیں نہیں پڑھ سکتے۔ اینکر پرسن منصور علی خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اکتوبر 2018 14:20

پی ٹی آئی رہنما کا ایک ٹی وی چینل کے مالک کے ساتھ مل کر عثمان بزدار کے خلاف مہم چلانے کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے اینکر پرسن منصور علی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف ایک غلط تاثر پھیلایا گیا کہ وہ فائلیں نہیں پڑھ سکتے ۔ میں سب کو بتا دوں کہ عثمان بزدار ایل ایل بی ہیں اور ایسا انسان جس نے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہو، کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ فائلیں نہ پڑھ سکے۔

منصور علی خان نے کہا کہ یہ سب ان کے خلاف سازش ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے ہو رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایک رہنما ہیں جو خود وزارت اعلیٰ کے منصب پر بیٹھنا چاہتے ہیں اور اسی لیے انہوں نے ایک ٹی وی چینل کے مالک کے ساتھ مل کر عثمان بزادر کے خلاف ایسی خبریں چلوائی ہیں تاکہ ان کو ایک سوچی سمجھی اسکیم کے تحت وزارت اعلیٰ کے منصب سے اُتارا جا سکے۔

(جاری ہے)

اینکر پرسن منصور علی خان نے کہا کہ عثمان بزدار کے ایک بہت قریبی حلقے میں موجود شخص نے خود مجھے یہ بات بتائی ہے لیکن میں اُس کا نام نہیں لینا چاہتا۔ واضح رہےکہ اس سے قبل بھی ایسی کئی خبریں سامنے آئی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف پارٹی کے اندر ہی پراپیگنڈہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے ایسی خبریں سامنے آتی رہی ہیں کہ انہیں پارٹی کے اندر موجود کچھ گروپس کی جانب سے پسند نہیں کیا جاتا۔

پارٹی کے اندر عثمان بزدار کے لیے نا پسندیدگی کے باوجود عمران خان نے عثمان بزدار کو ہی وزیراعلیٰ پنجاب بنایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر ان کے فیصلوں اور ان کے پروٹوکول کے حوالے سے کئی میڈیا چینلز نے بھی کافی تنقید کی۔ اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک عارضی وزیراعلیٰ ہیں جو کچھ دیر وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہیں گے جس کے بعد جہانگیر ترین کو ہی وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017ء کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔ جہانگیر ترین نے سپریم کورٹ میں نا اہلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کررکھی تھی اور ان کا خیال تھا کہ فیصلہ ان کے حق میں آئے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ جہانگیر ترین کی نا اہلی کا فیصلہ برقرار ہونے سے ان کے لیے سیاست میں آنے کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے عہدہ چھوڑنے کا امکان فی الوقت کم ہو گیا ہے لیکن کچھ اطلاعات کے مطابق ایک اور رہنما ، جنہیں عثمان بزدار ایک آنکھ نہیں بھاتے، ان کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں