سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی دخواست خارج

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 اکتوبر 2018 14:30

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی دخواست خارج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اکتوبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کرتے ہوئے درخواستوں کو خارج کر دیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز خواجہ برادران نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ 16 اکتوبر کو نیب میں پیشی پر گرفتاری وارنٹ جاری نہ کیے جائیں ۔ درخواست میں کہا گیا کہ نیب جواب داخل کروانے کے لئے 2 ہفتے کا وقت دے ۔ خواجہ سعد رفیق کی درخواست رجسٹرار آفس نے وصول کرلی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق لاہور کے حلقہ این اے 131سے ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

جب کہ دوسری جانب انہیں نیب کی جانب سے بھی طلب کیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتاری کے بعد خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی مزید گرفتاریوں کا اشارہ دے چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری تو پہلی گرفتاری ہے۔

واضح رہے نیب نے خواجہ سعد رفیق کو 16اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے۔ خواجہ برادران کو 16اکتوبر کو پیراگون ہاؤسنگ کیس میں طلب کیا گیا۔ دونوں بھائی 16اکتوبر کو نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔ خواجہ برادران کو منی ٹریل ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جب کہ دنوں بھائیوں نے تا حال مذکورہ ریکارڈ نیب میں جمع نہیں کروایا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیراگون ہاؤسنگ کیس میں سعد رفیق کے پارٹنر قیصر امین بٹ کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

نیب نے سعد رفیق کے دست راست پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں شراکت دار مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔ قیصر امین بٹ پر اربوں روپے کے گھپلے کرنے کا الزام ہے اور اب کہا جا رہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کو قیصر امین بٹ سے کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں