ضمنی انتخاب میں عوامی اظہاررائے درست رجحان نہیں

الیکشن نتائج پر فکر مند نہیں ہیں،ہم 4 سیٹیں جیت چکے، پنجاب میں ن لیگی کی جڑیں مضبوط ہیں، ان کواکھاڑنا آسان کام نہیں۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی نعیم الحق کا انتخابی نتائج پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 22:06

ضمنی انتخاب میں عوامی اظہاررائے درست رجحان نہیں
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء نعیم الحق نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں عوام کا اظہار رائے درست رجحان نہیں، الیکشن نتائج پر فکر مند نہیں ہوں،ہم 4 قومی اسمبلی کی سیٹیں جیت چکے ہیں، پنجاب میں ن لیگی کی جڑیں مضبوط ہیں، ان کو اکھاڑنا آسان کام نہیں۔ انہوں نے ضمنی انتخابات کے نتائج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی بات نہیں یہ جمہوری عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی جڑیں مضبوط ہیں کیونکہ 40 سال سے پنجاب میں حکومت کررہے ہیں۔ ان کی جڑوں کو اکھاڑنا آسان کام نہیں۔ اس کے باوجود ہم نے پنجاب میں کامیابی حاصل کی۔ میں الیکشن نتائج پر فکر مند نہیں ہوں۔ ہم 4سیٹ جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب عوام کے اظہار رائے کا درست رجحان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ووٹرز ٹرن کم کیوں رہا اس پر غور کرنا چاہیے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کو3 قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ تحریک انصاف الیکشن 2018ء میں این اے 131 لاہور ، این اے 35 بنوں اور این اے 56 اٹک سے بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔ تاہم اب ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا ہے۔ این اے 56 میں مسلم لیگ ن کے امیدوارملک سہیل خان125665 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے ملک خرم علی خان کو89 ہزارووٹوں کیساتھ ہار گئے۔

این اے 131 لاہور میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق 21174 ووٹ لے کر آگے جبکہ پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر خان19907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح این اے 35 میں ایم ایم اے کے امیدوار زاہد اکرم درانی51144 ووٹوں سے جیت گئے، جبکہ مدمقابل پی ٹی آئی امیدوارمولانا نسیم علی شاہ کو 32033 ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں