ضمنی انتخابات:ق لیگ نے عوامی مقبولیت کم نہ ہونے دی

ق لیگ جیتی ہوئی سیٹیں دوبارہ جیتنے میں کامیاب، این اے 65 اور این اے 69سے چودھری پرویز الٰہی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، اب ان نشستوں پرچودھری مونس الٰہی اور چودھری سالک ضمنی الیکشن جیت گئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 22:39

ضمنی انتخابات:ق لیگ نے عوامی مقبولیت کم نہ ہونے دی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق جیتی ہوئی سیٹیں دوبارہ جیتنے میں کامیاب ہوگئی ، عام انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ ق نے این اے 65 چکوال اور این اے 69 گجرات سے کامیابی حاصل کی تھی، مسلم لیگ ق نے عام انتخابات 2018ء کے بعد عوام میں اپنی مقبولیت کم نہ ہونے دی۔ تفصیلات کے مطابق ق لیگ نے جنرل الیکشن میں جیتی ہوئی قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں دوبارہ جیت لی ہیں۔

مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے جنرل الیکشن میں این اے 65 چکوال اور این اے 69 گجرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔جبکہ پرویز الٰہی نے حکومت سازی کے موقع پرپنجاب اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھی اور قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں چھوڑ دی تھیں۔ ضمنی الیکشن میں پرویز الٰہی کی چھوڑی ہوئی دونوں نشستیں جن میں این اے 65 چکوال اور این اے 69 گجرات شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ان میں این اے 65 چکوال میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چودھری سالک حسین نے الیکشن لڑا۔ اوراین اے 69 گجرات سے پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا۔انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ق نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب  الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔

انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔

ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔

ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں