سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں، کام کرنے کا وقت آگیا ہے،سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں، پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کرینگے،جلد تبدیلی آئیگی،وزراء بااختیار ہیں،کام کرنیوالوں کو سرآنکھوں پر بٹھائیں گے، ہسپتالوں، تھانوں اور ترقیاتی سکیموں کو موقع پر جا کر دیکھوں گا،عوام کو ریلیف دینے کیلئے میدان میں نکلا ہوں،وزیر اور مشیر بھی اضلاع کے دورے کریں گے،کابینہ کے اجلاس دیگر ڈویژنز میں بھی منعقد ہونگے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب عثمان بزدار واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے عوام اور پارٹی کے مفاد میں بے شمار اقدامات کئے ہیں،راجہ بشارت

پیر 14 جنوری 2019 23:56

لاہور۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت 90شاہراہ قائداعظم پر تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کریں گے اورہم سب نے کپتان کی ٹیم بن کر صوبے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔

اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں اور ہم صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اراکین اسمبلی نے بھرپور حصہ لیا ہے اور ہر موقع پر پارٹی کو سرخرو کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 100 روزہ ایجنڈے کے تحت مقررکردہ اہداف کے حصول کو یقینی بناناہے۔

اب کام کرنے کا وقت آگیاہے۔30سال کی خرابیاں چند ماہ میں درست نہیں ہوسکتیں۔ سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء کو کارکردگی میں مزیدبہتری لانا ہوگی۔کام کرنے والوں کو سرآنکھوں پر بیٹھائیں گے۔ پرفارمنس نہ دکھانے والوں سے بازپرس ہوگی۔میرے وزراء مکمل بااختیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اختیارات کو وزیراعلیٰ آفس میں نہیں رکھا گیا۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس دیگر ڈویژنز میں بھی منعقد کئے جائیں گے اور کابینہ کے اجلاس ڈویژن میں منعقد کرنے سے لوگوں میں احساس محرومی دور ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے اضلاع کے دورے بھی شروع کر دیئے ہیں اوریہ سلسلہ مستقل طور پر جاری رہے گا۔ ہسپتالوں، تھانوں اور ترقیاتی سکیموں کو خود موقع پر جا کر دیکھوں گا۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے میدان میں نکلا ہوں۔

وزیر اور مشیر بھی اضلاع کے دورے کریں گے جبکہ ضلع کی سطح پر کمیٹیاں جلد تشکیل دے دی جائیں گی اوراراکین اسمبلی کی مشاورت سے یہ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور منزل کا حصول یقینی بنانا ہے۔اراکین اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اضلاع کے دوروں کے دوران اراکین اسمبلی اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔

بہت جلد وہ تبدیلی آئے گی جس کا خواب ہم سب نے دیکھا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین اسمبلی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور حصہ لیں۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بل منظوری کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں اور پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے رولز آف پروسیجر میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ماضی میں 10 برس تک حکومت کرنے والوں کو پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترمیم کرنے کا کوئی خیال نہیں آیا۔

تحریک انصاف کی حکومت کو اس ترمیم کا کریڈٹ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی ٹیم یہ تاریخی ترمیم لا رہی ہے۔عثمان بزدار واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے صوبے کے عوام اور پارٹی کے مفاد میں بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ بل لانے پر بھی ممبرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انشاء اللہ مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔ اجلاس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں