نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے‘ صمصام بخاری

جمعرات کے روز جس کا دل کرے نواز شریف سے ملاقات کر لے، مریم نواز کااجازت نہ ملنے کے بارے ٹویٹ غلط ہے بلاول بھٹو کے بیان پر سخت مایوسی ہوئی ، دکھ ہوا کہ شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا بھارت کی زبان بول رہا ہے‘صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 مارچ 2019 22:54

نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے‘ صمصام بخاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقاقت صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے ۔ حکومت نے نواز شریف کو جیل میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز ٹویٹ کرتی ہیں کہ نواز شریف سے ملنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا رہی یہ امر خلاف حقیت ہے حکومت نے کسی کو ملاقات سے نہیں روکا جمعرات کے روز جس کا دل کرے وہ نواز شریف سے ملاقات کر لے۔

(جاری ہے)

حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔ لیکن جہاں تک نواز شریف کے لندن جانے کا سوال ہے تو اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ اگر عدالت اُن کو اجازت دیتی ہے تو حکومت کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالے گی یہ خالصتاً عدالتی اختیار ہے۔ حکومت کا اس معاملے میں کو عمل دخل نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اُنہیں بلاول بھٹو کے بیان پر سخت مایوسی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے دکھ ہوا کہ شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا وہی زبان بول رہا ہے جو بھارتی میڈیا اور بھارتی حکمران پاکستان کے بارے میں استعمال کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں