سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی وزیراعظم کی دیانتداری کی تعریف

عمران خان کی دیانتداری پر کوئی شبہ نہیں، عدالتی فیصلے کے بعد ڈیم تعمیر کو روکا نہیں جا سکتا، بہت جلد ڈیمز کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔ ٹورنٹو میں ڈیمز فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مارچ 2019 16:01

سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی وزیراعظم کی دیانتداری کی تعریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ 2019ء) سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری کا پرچار شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دیانتداری پر کوئی شبہ نہیں، عدالتی فیصلے کے بعد ڈیم تعمیر کو روکا نہیں جا سکتا، بہت جلد ڈیمز کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔ وہ کینیڈا میں ڈیمز فنڈ ریزنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرتقریبات میں اوورسیزپاکستانیوں نے ڈیم کیلئے عطیات بھی دیے۔ یوم پاکستان کےحوالے سے تقریب کینیڈا کے شہر کلرجی میں منعقد کی گئی۔ یوم پاکستان اور ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں سینیٹر فیصل جاوید اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

کلرجی تقریب میں ڈیمز فنڈ کیلئے 425،786 ڈالرز کے عطیات جمع ہوئے۔

تقریب میں عمران خان کے دستخط شدہ بلے 30000 اور 35000 ڈالرز میں نیلام ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ کینیڈا میں اب تک 20 لاکھ ڈالرز سے زائد کی رقم جمع ہوچکی ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ 50سال سے پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنا۔ بہت جلد2 ڈیموں پر کام شروع ہو جائے گا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے تعاون سے یہ ڈیم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان کا بیانیہ امن کا بیانیہ ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ڈیم تعمیر کو روکا نہیں جا سکتا۔ وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری پر کوئی شبہ نہیں کیا جاسکتا۔ یوم پاکستان اور ڈیمز فنڈ مہم کی تقریبات کینیڈا کے شہر مونٹریال، ٹورنٹو اور اوٹاوا میں بھی منعقد ہوئیں۔ واضح رہے دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار کے دور میں ہوا تھا۔ سابق چیف جسٹس نے دونوں ڈیمز کی تعمیر کیلئے عدالتی فیصلہ دیتے ہوئے فنڈ بھی قائم کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فنڈ میں تک 10ارب 11کروڑ سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے۔ دونوں ڈیمز کی تعمیر کیلئے تقریباً 14سو ارب روپے درکار ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں