وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ البتہ بجٹ سے پہلے وزرا تبدیل کیے جا سکتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے صوبائی کابینہ میں تبدیلی سے متعلق خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 11:40

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کا فی الوقت کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ وزرا کے کچھ محکمے تبدیل کیے جائیں گے۔ میں نام نہیں لینا چاہتا لیکن ہو سکتا ہے کہ پنجاب کے ایک یا دو وزرا کی جگہ نئے وزیروں کو تعینات کر دیا جائے۔

ممکن ہے کہ نئے لوگوں کو تبدیلی دے دی جائے۔شوکت بسرا نے صوبائی کابینہ میں رد و بدل سے متعلق خبر دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزرا کی تبدیلی کے حوالے سے بات کی جائے تو میرے خیال سے بجٹ سے پہلے وزرا کی تبدیلی کا امکان ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کرکچھ عرصہ قبل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رہنما شوکت بسرا مسلم لیگ ن کے اندر بیس سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کا فارورڈ بلاک بننے کا دعویٰ بھی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شوکت بسرا نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں بیس سے پچیس لیگی اراکین اسمبلی فارورڈ بلاک بنا چکے ہیں۔ بہاولپور سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی محمد ارشد بھی اس فارورڈ بلاک میں شامل ہیں۔ اس فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈران میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے جو لوٹ مار کی ہے ہم کسی صورت بھی اس کا دفاع نہیں کریں گے۔

شوکت بسرا نے بتایا کہ فارورڈ بلاک میں شامل اراکین کا کہنا ہے کہ ہم فارورڈ بلاک بنا کر پاکستان کی تعیر و ترقی میں حصہ لیں گے اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فارورڈ بلاک بہت جلد آپ کے سامنے آ جائے گا۔ تاہم اب شوکت بسرا نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بجٹ پیش ہونے سے قبل ہی وزرا کی تبدیلی کی خبر دے دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں