برطانوی شاہی جوڑے کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ،کرکٹ بھی کھیلی،شہزادہ ولیم نے چوکا اور چھکا بھی لگایا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:56

برطانوی شاہی جوڑے کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ،کرکٹ بھی کھیلی،شہزادہ ولیم نے چوکا اور چھکا بھی لگایا
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے جمعرات کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان‘ پاکستان کرکٹ بائولنگ کوچ وقار یونس‘ پی سی بی کے افسران‘ قومی کرکٹرز اور بڑی تعداد میں بچوں نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا‘ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لان میں کرکٹ بھی کھیلی‘ اس موقع پر کرکٹرز اظہر علی‘ حسن علی‘ شاہین شاہ آفریدی‘ ثناء میر اور عروج ممتاز نے کھیل میں حصہ لیا جبکہ قومی بائولنگ کوچ وقار یونس نے امپائر کے فرائض سرانجام دیئے‘ برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی بہترین مہارت سے حسن علی کی بالز پر ہٹ کرتے ہوئے چوکا اور چھکا بھی لگایا‘ اسی طرح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے کیٹ میڈلٹن کو بائولنگ کرائی‘ واضح رہے کہ کیٹ میڈلٹن ہاکی کی کھلاڑی بھی ہیں جواپنے سکول ہاکی ٹیم کی کپتان بھی رہیں‘ برطانوی شہزادہ ولیم نے اس موقع پر کرکٹر حسن علی اور دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی ‘ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے خواتین کرکٹرز کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا‘ شہزادہ ولیم نے کرکٹر بچوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان میں گھل مل گئے‘ بعد ازاں برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے مختلف حصوں لائبریری‘ پکچر وال‘ ہائی پرفارمنس سنٹر کادورہ کیا‘ لائبریری کے دورہ کے دوران شاہی مہمانوں نے ورلڈ کپ 1992ء کی ٹرافی کو بھی دیکھا جو کہ پاکستان نے عمران خان کی کپتانی میں جیتی‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے شاہی جوڑے کو پی سی بی کی ورکنگ اور کرکٹ بورڈ کی کامیابیوں کے حوالے سے بریف کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں