لاہور، ینگ ڈاکٹروں نے او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کر دیا

ایس او پیز بنائے اور ان پر عملدرآمد ہوئے بغیر او پی ڈیز میں کام نہیں کریں گے، حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی ہم پر ڈالنا چاہتی ہے، ینگ ڈاکٹرز

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 2 جولائی 2020 10:28

لاہور، ینگ ڈاکٹروں نے او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جولائی2020ء) لاہور میں ینگ ڈاکٹروں نے او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور کے جناح ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس او پیز بنائے اور ان پر عملدرآمد ہوئے بغیر او پی ڈیز میں کام نہیں کریں گے، حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی ہم پر ڈالنا چاہتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے حکومت کا ہر فیصلہ غلط ثابت ہو رہا ہے، حکومت نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ وہ اپنی ضد ہیلتھ پروفیشنلز پر ڈالنا چاہتی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اب تک 60 ڈاکٹروں سمیت 100 سے زائد ہیلتھ پروفیشنلز کورونا کا شکار ہو گئے ہیں، ہمیں کسی قسم کا ہیلتھ الاؤنس بھی نہیں دیا جا رہا۔ اگر ایک ہفتے تک ہمیں ہیلتھ الاؤنس نہ دیا گیا تو ہم مزید سخت اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کا وار تیز ہوتا جا رہا ہے۔ عام شہریوں کے علاوہ اب ڈاکٹر بھی کورونا کا شکار تیزی سے ہوتے جا رہے ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے خطرناک حالات کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹروں کی جانب سے بار بار حکومت کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔ تاہم دوسری طرف حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کی بات نہیں سنی جا رہی ہے بلکہ انہیں بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں اگر کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک میں کورونا سے مزید 55 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4446 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 216097 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک پنجاب میں کورونا سے 1762 اور سندھ میں 1406 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 973 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121 ، آزاد کشمیر میں 30 اور گلگت بلتستان میں 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں