نیب نے مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں 11 اگست کو طلب کرلیا

نون لیگی راہنماءکو 200کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے .نیب ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 6 اگست 2020 12:40

نیب نے مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں 11 اگست کو طلب کرلیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اگست ۔2020ء) نیب نے مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں 11 اگست کو طلب کرلیا ہے‘نیب ذرائع کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کو 11 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے. مریم نواز کو 200کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق نیب نے سابق ڈی ای او نور امین گل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے .

(جاری ہے)

2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 ایکڑ زمین منتقل کی گئی، 100 کنال زمین شہباز شریف اور 100 کنال زمین نواز شریف کے نام منتقل کی گئی جبکہ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا‘نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لئے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور سابق ڈی سی او لاہور نور امین مینگل سے بھی تحقیقات کی جائیں گی.

واضح رہے کہ آج احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی ہے احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت کی، اس دوران شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ صدر پاکستان نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کررکھا ہے، شہباز شریف نے اسلام آباد جانا ہے لہذا عدالت سے ان کو جانے کی اجازت دی جائے.

عدالت نے کہا کہ شہباز شریف پر فردجرم عائد ہونی ہے، وہ ادھرہی رہیں جب کہ عدالت نے نیب کورٹ سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست حمزہ شہباز کہاں ہے جس پر نیب کورٹ نے کہا کہ حمزہ شہباز راستے میں ہیں وہ آرہے ہیں‘شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں فاضل جج سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا حکم ماننے کو تیار ہوں، مجھے اسلام آباد جانا ہے، مجھے کمر کی تکلیف ہے میں زیادہ کھڑا نہیں ہوسکتا.

شہباز شریف وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملز میں فرد جرم عائد نہ کی جائے، آج صدر پاکستان نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے، عدالت نے کہا کہ آج فرد جرم عائد ہونی ہے حمزہ شہباز آتے ہیں تو کارروائی کرتے ہیں. وکیل شہباز شریف نے کہا کہ عدالتی ریکارڈ کے لیے شہباز شریف پیش ہوئے ہیں، فرد جرم کے حوالے سے ابھی دلائل دینا ہیں، یہ کیس بد نیتی پر مبنی ہے، مجھے کیس کی تیاری کا موقع دیا جائے عدالت نے کہا کہ بہت موقع دے چکے ہیں آپ بحث کریں، فرد جرم آج ہی عائد کریں گے، آپ دلائل دیں‘عدالت نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی جس پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے صحت جرم سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو طلب کرلیا.

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے کھربوں کے منصوبے لگائے ہیں، آج تک سرکار کا ایک روپے کا پٹرول استعمال نہیں کیا، خدا کی قسم کھا کہ کہتا ہوں نیک نیتی سے کام کیا ہے، اب مجھے یہ گندے نالے کے کیس میں پھنسا رہے ہیں، عوام کی خدمت میرا فرض تھا میں نے کوئی احسان نہیں کیا.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں