ایک اور صحافی لاپتا،بیوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

کیپٹن ر صفدر کی ہوٹل سے گرفتاری کی ویڈیو اور خبر بریک کرنے والا صحافی غائب

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 24 اکتوبر 2020 06:35

ایک اور صحافی لاپتا،بیوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2020ء) یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے کہ کوئی صحافی لا پتا ہو گیا،غائب ہو گیا یا پھر گھر والوں کو بتائے بغیر اچانک کہیں چلا گیا۔ایسے غائب ہونے والے صحافی کبھی کاغان ناران کی سیر کر کے لوٹ آتے ہیں تو کبھی سیر والے مقام تک پہنچنے سے پہلے واپس آ جاتے ہیں اور کبھی کبھار لانگ ویک اینڈ منانے کے بعد ہی واپس آ تے ہیں۔

مگر ایسادنیا بھر کے ممالک میں ہوتا ہے کہ صحافی اغوا کیے جاتے ہیں،ان کا قتل ہوتا ہے یا پھر لاپتا کر دیے جاتے ہیں۔گزشتہ کچھ سالوں کی بات کی جائے تو سعودی نژاد امریکی صحافی جمال خشوگی کا قتل آج بھی معمہ بنا ہوا ہے جسے دنیا بھر کے میڈیا میں پذیرائی ملی تھی۔تاہم تازہ ترین خبر یہ ہے کہ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر جو کہ کراچی سے تعلق رکھتے ہیں گزشتہ رات سے گھر سے غائب ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی بیوی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ میرے شوہر علی عمران سید گھر آئے بڑے پریشان لگ رہے تھے۔گاڑی کھڑی کی اور کہا کہ میں ساتھ والی بیکری تک جا رہا ہوں مگر چار گھنٹے گزر گئے ہیں ابھی تک واپس نہیں آئے۔علی عمران سید کا موبائل اور گاڑی گھر پر ہی ہے جس وجہ سے ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

یاد رہے کہ علی عمران سید وہی رپورٹر صحافی ہیں جنہوں نے کیپٹن ر صفدر کی ہوٹل سے گرفتاری کی خبر سب سے پہلے چلائی اور اس کی ویڈیو بھی میڈیا پر شیئر کی تھی۔

علی عمران سید کی گمشدگی کے حوالے سے ابھی تک کچھ نہیں کہا جا سکتا نہ تو پولیس ذرئع نے ابھی تک کوئی خبر دی ہے اور نہ ہی ان کے گھر والوں کو کسی قسم کی سمجھ آ رہی ہے کہ وہ کہاں گئے ہیں۔اس وقت تک گھر بھی نہیں پہنچے اور بتا کر یہی گئے تھے کہ گھر کے ساتھ والی بیکری تک جا رہے ہیں مگر گھر واپس نہیں آئے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ سکیورٹی ادارے کتنی دیر تک علی عمران سید کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو پاتے ہیں اور اس گمشدگی کے پیچھے کیا معاملہ ہے کیا ان کا اغوا ہوا ہے،یا پھر وہ کسی دوست یا رشتہ دار کے پاس گپ شپ کے لیے چلے گئے یہ وقت گزرنے پر پتا چلے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں