رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سرمایہ کاری پر منافع میں 17 فیصد کمی

جولائی تا ستمبرمنافع اور منقسمہ 47 کروڑ 77 لاکھ ڈالر تھا ، گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 57 کروڑ 68 کروڑ ڈالر تھا

بدھ 27 اکتوبر 2021 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک سے منافع اور منقسمہ میں 17 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی جو غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے کی گئی کم سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2022 کے جولائی تا ستمبر کے دوران منافع اور منقسمہ 47 کروڑ 77 لاکھ ڈالر تھا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 57 کروڑ 68 کروڑ ڈالر تھا جس سے 17.2 فیصد یا 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔

پاکستان (افغانستان کو چھوڑ کر)خطے میں سب سے کم براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)حاصل کر رہا ہے اور زیادہ تر سرمایہ کاری یورپی ممالک، امریکہ اور چین سے آئی ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے اس سال کی پہلی سہ ماہی میں چین سے ایف ڈی آئی میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی۔

(جاری ہے)

امریکہ سے ایف ڈی آئی چین سے بڑھ گئی جو مالی سال 2022 کے جولائی تا ستمبر کے دوران 10 کروڑ 9 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ایک کروڑ 97 لاکھ ڈالر تھی۔

یہ نوٹس کرنے کی بات ہے کہ کورونا وائرس وبا کے تباہ کن اثرات کے باوجود ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نے مالی سال 2021 میں زیادہ منافع کمایا تھا۔مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران برطانیہ سے سرمایہ کاری پر منافع میں 51 فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی لیکن یہ اب بھی دیگر غیر ملکی سرمایہ کاری کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔برطانیہ کو منافع کا منقسمہ مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 11 کروڑ 58 لاکھ ڈالر تھا جبکہ مالی سال 2021 کی اسی مدت میں یہ 23 کروڑ 30 لاکھ تھا۔

واضح رہے کہ برطانیہ پاکستان میں سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔برطانیہ سے مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ایف ڈی آئی 3 کروڑ ڈالر تھی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھی۔امریکہ کو منقسمہ میں کافی اضافہ دیکھا گیا جو پہلی سہ ماہی کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔

اسی سہ ماہی میں 10 کروڑ 9 لاکھ ڈالر کے ساتھ امریکہ سے سب سے زیادہ ایف ڈی آئی آئی۔چین کے لیے منافع کا بہا بہتر ہوا لیکن یہ اب بھی کئی ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ملک کو پہلی سہ ماہی کے دوران 3 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کا مجموعی منافع حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تھا۔رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کی ریکارڈ آمد اور برآمدات میں 27 فیصد اضافے کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاروں نے زیادہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو ترجیح نہیں دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں