پنجاب حکومت کا دیہاتوں میں سیوریج و صفائی نظام کی بہتری کیلئے بڑا فیصلہ

پنجاب کے 50 دیہاتوں کو ماڈل ویلج بنانے کے پروگرام شروع کردیا گیا، رورل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری، ساہیوال سیالکوٹ میں بھی43 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 نومبر 2021 16:21

پنجاب حکومت کا دیہاتوں میں سیوریج و صفائی نظام کی بہتری کیلئے بڑا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2021ء) پنجاب حکومت نے دیہاتوں میں سیوریج و صفائی نظام کی بہتری کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ نے پنجاب رورل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ہے، پنجاب کے 50 دیہاتوں کو ماڈل ویلج بنانے کے پروگرام بھی شروع کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کیلئے علیحدہ ادارہ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ ادارہ گاؤں میں سیوریج او رصفائی کیلئے خدمات سرانجام دے گا اور ادارے کا خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے 50 دیہات کو ماڈل ویلج بنانے کے پروگرام پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سسٹین ایبل میونسپل سروس کے علیحدہ ادارے کے قیام سے دیہات میں سیوریج اور صفائی کے نظام میں خاطرخواہ بہتری آئے گی۔

دیہات میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ فلاح عامہ کے دیگر پراجیکٹس بھی مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت ساہیوال اورسیالکوٹ میں 43 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ساہیوال اور سیالکوٹ میں نکاسی آب کے لئے نئی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ ساہیوال اور سیالکوٹ میں پارکس کی بحالی کے پراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں۔

راولپنڈی، سرگودھا، مظفر گڑھ، بہاولپور، رحیم یارخان، ڈی جی خان او رملتان میں بھی فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ضروری مشینری کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں