آئی جی پنجاب کا ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعہ پر سخت ایکشن لینے کا حکم

سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب ،سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ذمہ داران کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا حکم

پیر 6 دسمبر 2021 23:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے ماڈل ٹائون کچہری سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعہ نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے سخت ایکشن لیتے ہوئے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ذمہ داران کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔ رائو سردارعلی خان نے کہا کہ دوران ڈیوٹی غفلت کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے اور عدالتوں میں ملزمان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے واقعہ کے متعلق میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو جیلوں سے 166ملزمان کو ماڈل ٹائون کچہری میں پیشی کیلئے لایاگیا تھا جنہیں بخشی خانے میں بند کیا گیا تو دو گروپوں کا آپس میں تصادم ہوا ، سکیورٹی ٹیم نے تصادم پر قابو پانے کیلئے قیدیوں کو باہر نکالا تو اس دوران ملزمان بے قابو ہوئے اور انہوںنے پولیس افسران کے ساتھ جھگڑا کیا۔

(جاری ہے)

پتھر پھینکے اور کرسیاں ، میز جو بھی سامان موجود تھے اس سے حملہ آور ہوئے ۔ اسی اثناء میں بارہ ملزمان فرار ہوئے جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروزنے بتایا کہ ایس پی ماڈل ٹائون سرچ آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیںاور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام ملزمان کو آج ہی دوبارہ گرفتار کرلیا جائے ۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ قیدیوں کی سیکیورٹی ٹیم کی انٹرنل اکائونٹیبلیٹی بھی شروع ہوگئی ہے جس کی روشنی میں انکے خلاف مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے مزیدکہاکہ جن قیدیوں نے یہ شرارت کی ہے ، انکے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، انہوں نے مزیدکہاکہ فرار ہونے والے ملزمان سنگین مقدمے کے ملوث نہیں، دو ملزمان پرموٹر سائیکل چھیننے کے مقدمات درج ہیں،ایک رابری اور سنیچنگ اور دو غیر قانونی اسلحے کیس کے ملزم ہیں جبکہ دیگر ملزمان بھی اسی نوعیت کے کیسز میں ملوث ہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملزمان کی دوبارہ گرفتاری کیلئے ٹیمیں آپریشن کررہی ہیں اور انہیں بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں