دھماکا سلنڈر کا نہیں ہو سکتا، مجھے چھرا لگا تھا، زخمی عینی شاہد

ہم کراچی سے لاہور گھومنے آئے،آج کشمیر کے لیے نکلنا تھا تو انارکلی شاپنگ کے لیے آئے،بچے کے والد ین بھی زخمی ہیں۔جاں بحق ہونے والے بچے ابصار کے چچا کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 20 جنوری 2022 17:06

دھماکا سلنڈر کا نہیں ہو سکتا، مجھے چھرا لگا تھا، زخمی عینی شاہد
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے انارکلی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں،دھماکے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جب کہ عینی شاہدین کے بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ایک زخمی عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر کا نہیں ہو سکتا مجھے چھرا لگا تھا۔لوگ مدد کے لیے پکار رہے تھے۔

دھماکے کے بعد ہر طرف دھواں پھیل گیا،افراتفری مچ گئی۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ دیر قبل ایک شخص موٹرسائیکل پارک کرکے گیا تھا، جیسے ہی وہ شخص گیا تو دھماکا ہو گیا،دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ انار کلی میں پان منڈی کے قریب ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ایک شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی ہے اور دوسرا جاں بحق ہونے والا ایک 9 سالہ بچہ ہے ، جاں بحق ہونے والے بچے ابصار کے چچا کا کہنا ہے کہ ہم کراچی سے لاہور گھومنے آئے تھے،ہم نے آج لاہور سے کشمیر جانا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم شاپنگ کرنے کے لیے انار کلی گئے تھے،ابصار کے والدین اسپتال میں زخمی ہین۔ ہم آگے چلے گئے ابصار والدین کے ساتھ پیچھے آ رہا تھا۔علاوہ ازیں 23 افراد میں سے 4 زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ فرانزک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا ، دھماکا خیز مواد دکانوں کے قریب موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا ، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ، جس کے بعد دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا،دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

بارودی مواد لفافے میں چھپا کر موٹرسائیکلوں کے قریب رکھا گیا تھا۔ دھماکہ انارکلی بازار کے داخلی راستے پر نجی بینک کے قریب موجود دکانوں کے پاس ہوا ، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں