سندھ اور خیبرپختونخوا میں آٹا و گندم مہنگا ہونے پر پنجاب پر دباؤ میں اضافہ

پنجاب کے عوام کیلئے بطور سبسڈی مختص آٹے کی پیکنگ تبدیل کرکے پشاور اسمگل کیے جانے کا بھی انکشاف ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 جنوری 2022 11:09

سندھ اور خیبرپختونخوا میں آٹا و گندم مہنگا ہونے پر پنجاب پر دباؤ میں اضافہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2022ء ) صوبہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں آٹا و گندم مہنگا ہونے پر پنجاب پر بھی دباؤ میں اضافہ ہونے لگا ، پنجاب کے عوام کیلئے بطور سبسڈی مختص آٹے کی پیکنگ تبدیل کرکے پشاور اسمگل کیے جانے کا بھی انکشاف ہوگیا ۔ ایکسپریس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں گندم اور پشاور میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے پنجاب کی گندم اور آٹا مارکیٹ پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے کیوں کہ پنجاب سے بڑی مقدار میں گندم اور آٹا کی دونوں صوبوں کو فراہم کیا جارہا ہے ، اس دوران بعض مفاد پرست عناصر کی جانب سے پنجاب کے عوام کیلئے بطور سبسڈی مختص کیے گئے آٹے کی پیکنگ تبدیل کرکے پشاور اسمگل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ صوبہ پنجاب کی مارکیٹ سے 1100 روپے میں خریدا گیا تھیلا پشاور میں 1400 روپے سے زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے جب کہ کراچی میں گندم کی قیمت 2700 روپے فی من سے اوپر چلی گئی ہے ، جس کے بعد کراچی کے فلورمل مالکان اور تاجروں نے پنجاب کی اوپن مارکیٹ سے بڑی مقدار میں گندم خریدنا شروع کردی ہے ، جس کے باعث گندم کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے اور لاہور میں اس وقت گندم کی قیمت 2580 روپے سے 2600 روپے اور راولپنڈی میں 2630 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جس میں آئندہ دنوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعظم عمران خان نے آٹے اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قراردے دیا ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی نہیں کی ، جس کی وجہ سے کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں سیاسی ، معاشی اور مہنگائی سے متعلق بات چیت کی گئی ، وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے، کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے آٹا اور یوریا کھاد کے بحران کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی نہیں کی، کراچی میں مہنگائی کے اعشاریے سب سے زیادہ ہیں ، کھاد کی ذخیرہ اندوزی کا معاملہ سندھ حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں