اتحادیوں کو خوامخواہ اپوزیشن کیمپ کی طرف نہ دھکیلا جائے ، پرویز الہٰی

حکومت اپوزیشن کے جال میں پھنسنے کے بجائے ٹھنڈے دل و دماغ سے فیصلے کرے‘ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیسے بیانات سے سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے‘ حکومت کو چاہیے کہ بڑے فیصلے کرنے سے پہلے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 16:57

اتحادیوں کو خوامخواہ اپوزیشن کیمپ کی طرف نہ دھکیلا جائے ، پرویز الہٰی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما ارو اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیسے بیانات سے سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے ، حکومت کو مشتعل کرنا ہمیشہ اپوزیشن کی حکمتِ عملی ہوتی ہے ، حکومت اپوزیشن کے جال میں پھنسنے کے بجائے ٹھنڈے دل و دماغ سے فیصلے کرے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے قمبر حمید اور رانا خالد محمود نے ملاقات کی ، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنماء نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بڑے فیصلے کرنے سے پہلے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کرے ، اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کو اپوزیشن کے پنجوں سے چھڑایا ہے ، حکومت اتحادیوں کو خوامخواہ اپوزیشن کیمپ کی طرف نہ دھکیلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی یہی حکمتِ عملی ہوتی ہے ہر مسئلے پر حکومت کو زچ کرے ، اس لیے اپوزیشن حکومت کو مشتعل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی لیکن حکومت کی سلامتی اور بھلائی اسی میں ہے کہ وہ اپوزیشن کے جال میں نہ پھنسے ، اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ، اس حکومت کو عوام نے 5 سال کا مینڈیٹ دیا جس میں ابھی پونے 2 سال باقی ہیں ۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیسے بیانات سے سیاسی پوزیشن کمزور ہوتی ہے ، اپوزیشن جیسے بیانات سے انتظامی مشینری کا مورال ڈاؤن ہوتا ہے ، کردار کشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بدتہذیبی نہیں بلکہ ادب و احترام کا کلچر فروغ دینا بہت ضروری ہے، دوسروں کو عزت دینا ہمارا کلچر ہے اسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے تو حکومت کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے، اپوزیشن محض انتشار پھیلانے پر مبنی اپنی منفی سیاست ترک کر دے ، ایک دوسرے پر الزام تراشی چھوڑ کر معیشت کی بحالی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں