پنجاب میں چھوٹے سے وقفے کے بعد بادل نئی دھواں دار اننگ کھیلنے کیلئے تیار

13 اگست تک خوب بارشیں ہونے کی پیشن گوئی، لاہور سمیت 3 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 اگست 2022 00:27

پنجاب میں چھوٹے سے وقفے کے بعد بادل نئی دھواں دار اننگ کھیلنے کیلئے تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2022ء) پنجاب میں چھوٹے سے وقفے کے بعد بادل نئی دھواں دار اننگ کھیلنے کیلئے تیار، 13 اگست تک خوب بارشیں ہونے کی پیشن گوئی، لاہور سمیت 3 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 2 سے 3 روز کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم اب جلد ہی پنجاب میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، 13 اگست تک پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

موسلادھار بارش کے باعث ڈی جی خان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور نارووال کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، دریائے راوی،جہلم اور چناب کے برساتی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔

جبکہ ملک بھر کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد ، خیبرپختونخوا، کشمیر، پنجاب، سندھ، شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران خیبرپختونخوا ، اسلام آباد ، بالائی پنجاب اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر مو سلادھار بارش کی توقع ہے۔ جبکہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم زیریں سندھ، جنوبی بلوچستان، دیر، راولپنڈی اور خان پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں