پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیزکو مراسلہ جاری کردیا، فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے سکولوں میں پودے لگائے جائیں،مراسلہ میں ہدایات

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 15:11

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائدکر دی گئی،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیزکو مراسلہ جاری کردیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے سکولوں میں پودے لگائے جائیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا اب پلاسٹک بیگز میں سامان نہیں لاسکیں گے جب کہ کینٹین،کیفے ٹیریا میں بھی شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے پر پابندی ہوگی۔

مراسلے میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ پودے سکول کی چار دیواری کے ساتھ لگائے جائیں۔پلے گراونڈز کی خوبصورتی کو خراب کئے بغیر میواکی فارسٹ بھی بنایا جائے۔کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے مختلف رنگوں کے کوڑا دان نصب کئے جائیں۔ایجوکیشن اتھارٹیز احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کروانے کی پابند ہونگی۔

(جاری ہے)

سکولوں کی عمارتوں کے باہر شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال ترک کرنے کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پنجاب حکومت نے بھی 6جون سے صوبے بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے ۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی گزشتہ ماہ صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیاتھا۔اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 6جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے یہ بات اسموگ کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی تھی۔انہوں نے بتایاتھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدف مقرر کردیا ، 30 جون کچرے میں کمی، ایئر کوالٹی میں بہتری اور شجرکاری میں اضافے کاابتدائی مرحلہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن رکھی گئی تھی۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہنا تھا کہ تمام گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا، تمام گاڑیوں کا سالانہ معائنہ ہوا کرےگا،تمام سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں