لاہور ہائیکورٹ نے جلسوں کی اجازت کیلئے تحریک انصاف کی درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کو بھجوا دی

عدالت نے درخواست گزار کو کل ڈی سی لاہور کے پاس جانے کی ہدایت کردی، ڈی سی لاہور درخواست گزار کو سن کر زیر التوا درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کریں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 11:15

لاہور ہائیکورٹ نے جلسوں کی اجازت کیلئے تحریک انصاف   کی درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کو بھجوا دی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی جلسوں کی اجازت کیلئے درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کو بھجوا دی،عدالت نے درخواست گزار کو کل ڈی سی لاہور کے پاس جانے کی ہدایت کی ہے۔عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ڈی سی لاہور درخواست گزار کو سن کر زیر التوا درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے مینارِ پاکستان، موچی گیٹ، مغل پورہ میں جلسوں کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف مقامات پر جلسوں کی اجازت مانگی تھی۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہورکو درخواست جمع کروائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسوں کی اجازت نہ دینے پر تحریک انصاف نے لاہو ر ہائیکورٹ سے رجو ع کیا تھا جس پر آج عدالت نے تحریک انصاف کو ڈپٹی کمشنر لاہور کے پاس معاملات طے کرنے کا کہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار این اے 119 میاں شہزاد فاروق کی جانب سے بھی لاہور کے علاقے شالیمار میں جلسہ کرنے کیلئے درخواست جمع کروا ئی گئی تھی۔ جس میں تحریک انصاف نے 19 اپریل کے لئے جلسے کی اجازت مانگی تھی۔میاں شہزاد فاروق کا کہنا تھا کہ 19 اپریل کو شالیمار چوک میں بڑا جلسہ کریں گے۔ اپنی جیتی ہوئی سیٹ 21 اپریل کو دوبارہ جیتیں گے اور فارم 47 والے ٹولے کو شکست دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی لاہور کے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ جلسہ کیلئے این او سی جاری کرے اور سکیورٹی کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں