ماضی کے مقابلے میںپاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور میں پاکستان روشن، پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ہو چکا، آزاد علی تبسم

پیر 16 جولائی 2018 21:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہاہے کہ ماضی کے مقابلے میںپاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور میں پاکستان روشن، پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ہو چکا ہے۔ توانائی کے منصوبوں کو جس تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انتہائی مختصر مدت میں توانائی منصوبے مکمل کئے ہیں اور لوڈشیڈنگ ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ توانائی منصوبے کم لاگت میں شفاف ترین طریقے سے مکمل کئے گئے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے حوالے سے قوم کیساتھ سنگین مذاق کیا۔ سابق حکمرانوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرکے ملک کو اندھیروں میں ڈبوئے رکھا۔

(جاری ہے)

ہم نے روشن پاکستان کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔

ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو توانائی بحران عروج پر تھا۔ ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور ہر طرف مایوسیوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ ہم نے معاملے کی سنگینی کو سنجیدگی سے لیا اور توانائی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کئے رکھا۔ جنگی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں پر دیوانہ وار کام شروع کیا اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے ریکارڈ مدت میں توانائی کے منصوبے مکمل کئے۔

خدا تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہمارا عزم، محنت اور کاوشیں رنگ لائیں اور آج لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں توانائی منصوبے کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ پاکستان میں بجلی کی پیداوار بڑھنے سے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوا ہے اور گھروں میں خوشحالی آئی ہے۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی مسلم لیگ (ن) کا مطمع نظر ہے اور عام آدمی خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے بجلی پیدا کرنے میں سبقت لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کی بدولت جاری توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں وافر بجلی ہوگی اور فالتو بجلی برآمد بھی کی جاسکے گی۔ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا سفر جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں