این اے 130 ، علماء بورڈ کا لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان

پیر 16 جولائی 2018 23:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب میں ماڈل ٹائون ، علامہ اقبال ٹائون ، مسلم ٹائون ، وحدت کالونی ، پوسٹل کالونی ، ماڈل ٹائون پارک میں کارنر میٹنگز اور جامع مسجد شادمان ، ماڈل ٹائون ، ایف سی بلاک جامع مسجد ، جامع مسجد قبا میں نمازیوں سے ملاقات اور خطاب کیا۔

اس موقع پر این اے 130 سے کل مسالک علماء بورڈ نے لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان بھی کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دہشتگردی کے ہولناک واقعات اور میاں نوازشریف کی احتساب عدالت سے سزا کے بعد گرفتاری کی صورتحال کے باوجود تمام سٹیک ہولڈرز کا عام انتخابات کا 25 جولائی کو ہی انعقاد پر اتفاق حوصلہ افزا ہے ۔

(جاری ہے)

مضبوط اور مستحکم جمہوریت ہی دہشتگردی کو شکست دے گی اور ملک ترقی و استحکام کی منزل حاصل کرے گا ۔

انہوں نے کہاکہ ملک اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہواہے ۔ شفاف اور غیر جانبدار انہ الیکشن نہ ہوئے تو نگران حکومت ، الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان تو پہنچے گا لیکن ملک بے یقینی ، احتجاج اور شدید ردعمل کی زد میں آ جائے گا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئینی ، انتخابی اور پارلیمانی عمل ہی نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کا پائیدار راستہ ہے ۔

متحدہ مجلس عمل عوامی فلاح و بہبود ، معاشی ترقی ، بہتر گورننس ، تعلیم ، صحت ، پانی ، سستی بجلی فراہمی اور ماحولیاتی تحفظ کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی کا لائحہ عمل بناچکی ہے ۔ این اے 130 میں عوام مسلم لیگ اور تحریک انصاف سے بے زارہوچکے ہیں ۔ ووٹرز کرپشن سے نجات چاہتے ہیں اور عقیدہ ختم نبوت کے قانون پر ڈاکہ زنی کرنے والوں سے ووٹ کی طاقت سے حساب لیں گے ۔ روزبروز این اے 130 میں کتاب کا نشان مقبولیت پارہاہے ۔ کارنر میٹنگز اور جلسوں سے احمد سلمان بلوچ ، محمد شفیق گوجر ، حافظ محمود ، عبدالحمید اعوان ، فیض الباری ، عبدالودودقاضی ، عامر نثار خان اور قدیر شکیل نے بھی خطاب کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں