ملک کو تباہی کی طرف د ھکیلنے والے دوبارہ ووٹ مانگنے کا حق نہیں رکھتے‘ہارون خواجہ

پاکستان فریڈم موومنٹ قائد اور اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر چاہتی ہے ‘کارکنوں سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان فریڈم موومنٹ کے چیئرمین اور این ای130و پی پی159سے پارٹی امیدوار ہارون خواجہ نے کہاکہ ملک کو آگے لے جانے کی بجائے تباہی کی طرف دھکیلنے والے دوبارہ ووٹ مانگنے کا حق نہیں رکھتے ،مجموعی طور پر دونوں بڑی سیاسی جماعتیں وفاق اور صوبوں میں کئی بار اقتدار میں رہ چکی ہے جس کے باوجود ایک دوسرے پر کرپشن اور لوٹ مار کے الزامات لگانے کے علاوہ ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں۔

ہارون خواجہ نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ خود کو مستقبل کاوزیر اعظم سمجھنے والے عوام سے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں اور حقائق پر گفتگو کرنے کا اُن میں حوصلہ یا ویژن نہیں ۔ ہارون خواجہ نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے جبکہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ رہنے والے عوام کو سبز باغ دکھانے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان فریڈم موومنٹ قائد اور اقبال کے خوابوںکی عملی تعبیر چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ووٹ کے ذریعے تبدیلی کی خواہاں ہے ۔

ہارون خواجہ نے کہا کہ ہماری پارٹی نے پنجاب ، بلوچستا ن اور کے پی کے میں اُن امیدواروں کو نامزد کیا ہے جن کے بارے میں کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اب عوام کا فرض ہے کہ وہ کسی لالچ یا دباؤ میں آئے بغیر بہادرانہ فیصلہ کریں اور اپنے ضمیر کی آواز پر کھجور کے درخت کے نشا ن پر مہر لگائیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں