پوری امت بحرانوں سے نجات کے لیے دنیا کے مرکز پر متحد ہو جائے ‘لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی غریب ، مستحق انسانوں کی غمگسار ہے ، بھوک و افلاس زدہ عوام کی خدمت کے لیے ان کا سہارا بنتی ہے

منگل 21 اگست 2018 16:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی مرکز ، پنجاب ، کے پی کے میں حکومتیں قائم ہو گئی ہیں، بلوچستان میں حصہ داری ہے ، وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب بھر پور عزائم کااظہار ہے لیکن یہ حقیقت واضح ہے کہ انتخابات 2018 ء دھاندلی زندہ بھی ہیں اور پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں مطلوبہ اکثریت سے 22 سیٹیں کم ملیں ۔

عمران خان کا بیانیہ قومی اسمبلی کے لیے مڈ ٹرم انتخاب کا لگتاہے ، وہ اپنے ایجنڈے پر مانگے تانگے کی اکثریت سے عمل نہیں کر سکتے ۔منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ عید الاضحی ملت اسلامیہ میں اللہ کی حاکمیت کے قیام کے لیے ایثار و قربانی کا عظیم جذبہ بیدار رکھنے کا پیغام ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں کروڑوں مسلمان سنت ابراہیمی ؑ کی ادائیگی سے اسلام کی تعلیمات سے غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کرتے ہیں ۔

پوری امت بحرانوں سے نجات کے لیے دنیا کے مرکز پر متحد ہو جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی غریب ، مستحق انسانوں کی غمگسار ہے ۔ بھوک و افلاس زدہ عوام کی خدمت کے لیے ان کا سہارا بنتی ہے ۔ محرومیوں کے شکار ، تعلیم ، صحت اور خوراک سے محروم عوام کی مدد ہمارا دینی فریضہ ہے ۔ عوام خدمت کے منظم نظام کے کام کے لیے قربانی کی کھالوں سے تعاون کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں