وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہو گا،وزیراعلیٰ پنجاب ہمارا بجٹ غریب آدمی کیلئے ہے،پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے،اجلاس سے خطاب

منگل 16 اکتوبر 2018 00:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت آج90شاہراہ قائد اعظم پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا-اجلاس میں بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہو گا -ہمارا بجٹ غریب آدمی کیلئے ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے - انہوں نے کہا کہ میں اور وزراء بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں موجود رہیں گے اورانہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی بجٹ سیشن اور بحث میں بھرپور حصہ لیں - صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ ہم صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گی- سابق دور میں جن علاقوں کو نظر انداز کیا گیا ان کی ترقی پر فوکس ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے - صوبائی وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے مصنوعی اعداد و شمار پر بجٹ پیش کیا-ہمارا بجٹ پارٹی منشور کے مطابق ہو گا - انہوںنے کہا کہ ہم یکساں پنجاب کی بات کر رہے ہیں اور اس کی جھلک ہمارے بجٹ میں نظر آئے گی اور سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی فوکس ہو گا- صوبائی وزیر خزانہ نے پارلیمانی پارٹی کو بجٹ کے خدو خال سے آگاہ کیا - سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ، صوبائی وزرا راجہ بشارت ، ہاشم جواں بخت ، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں