سکولوں کی فیسوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرائیں گے‘مراد راس

گرمی کی چھٹیوں کی فیسوں میں سے پچاس فیصد آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کروائیں گے،جس نجی سکول سے اساتذہ کو تنخواہوں کی کم ادائیگی کی شکایت ملی اس سکول کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے‘وزیر تعلیم کی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ سکولوں کی فیسوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرائیں گے،گرمی کی چھٹیوں کی فیسوں میں سے پچاس فیصد آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کروائیں گے،جس نجی سکول سے اساتذہ کو تنخواہوں کی کم ادائیگی کی شکایت ملی اس سکول کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سکولز کی فیس کے مسئلہ پر نئی اتھارٹی وزارت قانون کے پاس ہے جلداسمبلی میں پیش کریں گے،نئی مجوزہ اتھارٹی میں والدین حکومت اور پرائیویٹ سکول بھی شامل ہوں گے۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرائیں گے اور جو سکول پانچ ہزار سے زائد فیس لے رہا ہے ان کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق دسمبر کی فیس سے بیس فیصد والدین کو واپس کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرمی کی چھٹیوں کی فیسوں میں سے پچاس فیصد آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کروائیں گے،اکتیس دسمبر فیس واپسی اور ایڈجسٹمنٹ کیلئے آخری تاریخ ہو گی ،اگر کوئی سکول ایسا نہیں کرے گا تو سکول کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے۔ مراد راس نے کہا کہ جس نجی سکول سے اساتذہ کو تنخواہوں کی کم ادائیگی کی شکایت ملی اس سکول کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے،اکتیس دسمبر تک فیسوں کامعاملہ حل نہ ہونے کی صورت میںوالدین 03367251214 پر شکایت کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں