ں*عمران خان کرکٹ کی گھسی پٹی اصطلاح سے اب قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ،لیاقت بلوچ

جس ٹیم کا کپتان ناآشنا ہو وہ بیٹنگ بائولنگ آرڈر بدلنے سے تو میچ جیتنا تو دور کی بات مقابلہ ہی نہیں کر سکتی،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:15

ظ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں قرآن کانفرنس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کی گھسی پٹی اصطلاحوں سے اب قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ۔ جس ٹیم کا کپتان اسلوب حکومت نہ جانتاہو، سیاسی ،جمہوری، انسانی اور اخلاقی قدروں سے ناآشنا ہو ، پھر ٹیم میں نہ ہی بائولر ، فیلڈر اور بیٹسمین اچھے ہوں ، وہ ٹیم بیٹنگ بائولنگ آرڈر بدلنے سے میچ جیتنا تو دور کی بات وہ مقابلہ ہی نہیں کر سکتی ۔

حسن فکر سے بیگانہ اور خود فریبی کے مرض میں مبتلا حکومت عوام کو ریلیف اور ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عملاً پوری قوم کا نگران حکومت اور عمران سرکار نے ایک سال ضائع کردیاہے ۔

(جاری ہے)

ایک سال بعد زیر و پوائنٹ سے پھر آغاز ناکامی اور رسوائی کا ہی سفر ہوگا ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، قوت خرید کا خاتمہ اور پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ غریب اور متوسط طبقہ کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔

وفاق ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پی کے میں اندرونی تبدیلیاں اب نوشتہ دیوار ہیں ، عملاً پاپولر سیاست کے آخری دور میں نوجوان سب سے زیادہ مایوس ہورہے ہیں یہ بڑا قومی نقصان ہے ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ سے فیصل آباد سے چھوٹی صنعتوں کے وفد نے ملاقات میں کہاکہ بجلی ، گیس اور نت نئے ٹیکسوں اور سرکاری اداروں کی رعونت نے صنعت کے نظام کو بلاک کر دیاہے ۔ صنعتی ادارے چلانا ممکن نہیں رہا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں